بنگلورو، 11؍دسمبر (ایس او نیوز) جمعہ کے دن ہوۓ لیجس لیٹیو کونسل انتخابات میں 99.8 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ریاست کے 20 بلدیاتی اداروں سے لیجس لیٹیو کونسل کی 25 سیٹوں کے لئے جمعہ کے دن صبح 8:00 تاسہ پہر 4:00 بجے ووٹنگ ہوئی ، جس میں مختلف اضلاع میں ووٹنگ کا فیصد بہتر رہا، گوکاک میں 100 فیصد ووٹنگ ہوئی ، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، 35 پولنگ بوتھوں میں 323 مرد ووٹر اور 361 خواتین ووٹرسمیت کل 684 ووٹروں نے ووٹ دیا۔
رکن اسمبلی رمیش جار کی ہولی نے گوکاک ٹاؤن میونسپل کونسل کے پولنگ بوتھ نمبر 1 26 میں ووٹ دیا۔ گوکاک اور اور بھاوی میں بنائے گئے پولنگ بوتھوں میں گرام پنچایت اراکین نے ووٹ دیا۔ چند دیہاتوں میں گرام پنچایت اراکین ایک ساتھ آ کر قطار میں کھڑے رہے اور ووٹ دیا۔ کے پی سی سی کارگزارصدرستیش جار کی ہولی نے گجنال دیہات کے پولنگ بوتھ میں ووٹ دیا۔اسی طرح بلگاوی میں 99.97 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ یہاں 8,849ووٹروں میں سے 8846افراد نے ووٹ دیا۔رام درگا ، بلگاوی اور اتھنی تعلقہ جات میں صرف ایک ایک ووٹر غیر حاضر رہا، بقیہ تمام تعلقہ جات میں 100 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
کولار کے جے ڈی ایس رکن اسمبلی سر ینواس گوڑا نے ووٹ دینے کے بعد کھلے عام کہا کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کی امیدوار کو ووٹ دیا ہے۔اس طرح انہوں نے بالواسطہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی کو ناراض کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 1994 میں وہ کانگریس پارٹی سے وزیر بنے تھے، اب انہیں کانگریس کے حق میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا ہے۔کولار۔ چکبالاپور حلقہ میں کانگریس امیدوار جیتے گا۔ ہمارا کوئی طاقتور حریف نہیں ہے۔ بی جے پی امیدوار کی طرف سے پیسے تقسیم کئے جانے کے الزام پر انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت رقم تقسیم نہ کرنے والا کوئی بھی لیڈر نہیں ملے گا۔ کلبرگی۔ یادگیری لیجس لیٹیو کونسل انتخابات میں ووٹنگ کے وقت بی جے پی رکن پارلیمان امیش جادھو کی طرف سے ضابطوں کی خلاف ورزی کا الزام سامنے آیا ہے۔انہوں نے فیس بک میں تصویر اپلوڈ کر کے کہا ہے کہ ان کا ووٹ بی جے پی امیدوار بی جی پاٹل کو دیا گیا ہے۔
وزیراعلی بسواراج بومئی نے کہا ہے کہ لیجس لیٹیو کونسل انتخابات میں بی جے پی زیادہ سیٹیں جیتیں گی۔اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے وجیا پور۔ باگل کوٹ دوحلقوں کیلئے کرائے گئے لیجس لیٹیو کونسل انتخابات میں بادامی سٹی میونسپل کونسل کے دفتر میں قائم کردہ پولنگ بوتھ میں ووٹ دیا۔ دھارواڑ میں 80 فیصد زائد ووٹنگ ہوئی۔اسمبلی اسپیکر ویشو یشور ہیگڑے کا گیری نے سرسی کے پولنگ بوتھ میں ووٹ دیا۔کونسل کے اپوزیشن لیڈر ایس آر پاٹل نے وجئے پور۔ باگل کوٹ بلدیاتی اداروں کی سیٹ کے لئے بیلگی ٹاؤن پنچایت دفتر میں قائم کردہ پولنگ بوتھ میں ووٹ دیا۔ انتخابات میں کانگریس امیدوار اور کے پی سی سی کارگزارسلیم احمد نے دھارواڑ میں ووٹ دیا۔